لاہور(این این آئی )پاکستان انٹرپرنیورزفورم کے چیئرمین آصف خان نے کہا ہے کہ پاکستان براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے پرکشش ملک ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے مثبت اقدامات اور کوششوں کے باعث چین، سعودی عرب،متحدہ عرب امارات و دیگر ممالک کی
سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے تاجک سرمایہ کاروں اور تاجر برادری کے18رکنی وفد کی دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم کی طرف سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دی گئی مراعات سے بھر پور استفادہ کے عزم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز ،گوادر بندرگاہ فعال ہونے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مراعات سے دنیا بھر کے کاروباری ادارے پاکستان کا رخ کر رہے ہیں۔دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ سے تاجکستان اور پاکستان کے درمیان تجارتی حجم 500ملین ڈالرتک لے جانے میں مدد ملے گی۔ زاہد بخار ی نے کہا کہ غیر ملکی کمپنیوں کیلئے ملک میں کاروبار اور ترقی کے بڑے مواقع موجود ہیں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی طرف راغب کرنے کیلئے بجلی و گیس کی قیمتوں میں کمی کرکے پیداواری لاگت میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ ایف بی آر کی کاروباری مراکز پر چھاپوں اور گرفتاریوں سمیت کاروبار دشمن شقوں کو ختم کیا جائے تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں انڈسٹریز قائم کرنے کی ترغیب ملے۔انہوں نے کہا کہ پیداواری لاگت میں کمی سے ملکی برآمدات میں اضافہ اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھنے سے تجارتی خسارہ میں کمی ہوگی۔