لاہور(این این آئی )ایران پاک فیڈریشن آف کلچراینڈ ٹریڈ کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے ہر وزارت کو ایک حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھایا جائے جو غربت کم کرنے، ملازمتیں پیدا کرنے، درآمدات میں کمی اور اعلیٰ ٹیکنالوجی کی تیاری اور برآمدات کو فروغ دینے کیلئے ٹھوس اقدامات کر ے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملاقات کیلئے آ نے والے خانیوال چیمبر
آف کامرس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو صنعتوں کے فروغ کے لئے کم قیمت پر توانائی کی فراہمی کو ممکن بنانا ہوگا، ایسا کرنے سے نہ صرف ہماری صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ ملکی برآمدات میں اضافے کاسبب بھی بنے گا،کم نرخ میں بجلی کی فراہمی کیلئے شمسی توانائی کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے،رات کو اضافی توانائی پیدا کرکے صنعت کو رعایتی شرح پر مہیا کی جا سکتی اس سے صنعتوں میں مقابلے کی فضا بھی قائم ہوگی جبکہ حکومت خود ایک بڑی خریدار بن سکتی ہے تاکہ ملکی صنعت پا ؤں پر کھڑی ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا تین ممالک سے ملنے والی رقوم وقتی ریلیف دینے اور معیشت کو دیوالیہ پن سے بچانے کا ذریعہ تو ہیں مگر مہینوں کے مخمصے کے بعد بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے پاس جانے کی ضرورت کئی چیلنجوں کی سنگین تر صورتحال کی نشاندہی کرتی محسوس ہو رہی ہے۔ خواجہ حبیب الرحمان نے کہا کہ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے علما ئے کرام ، کمیونٹی رہنماؤں اور منتخب عوامی نمائندوں کو متحرک کرنے کے علاوہ تعلیمی نصاب کے ذریعے ذہن سازی پر بھی توجّہ دینا ہو گی۔