لاہور(این این آئی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے مکئی کی سپلائی پر70 فیصد کی شرح سے سیلز ٹیکس نافذ کرنے کافیصلہ کرلیاہے۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے اس سلسلے میں وزار ت تجارت سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز نے فیصلے سے متعلق تجاویز طلب کرلی ہیں۔ اور وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی)کے اگلے اجلاس سے قبل انہیں فیڈ بیک دینے کامشورہ دیاہے۔ بورڈ نے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کوٹیکس دہندگان کے ریفنڈز کے اجرا سے متعلق تجاویز بھی طلب کرلی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ بورڈ کے اعلیٰ ٹیکس افسران
مکئی کی سپلائی پر70فیصد سیلز ٹیکس کے نفاذ سے متعلق اسٹیک ہولڈرز کے اجلاس میں شرکت کریں گے تاہم سیلز ٹیکس کے نفاذ کی منظوری ای سی سی کے اگلے اجلاس میں لی جائے گی۔ واضح رہے کہ مالی سال2017 میں ملک میں مکئی کی پیداوار61لاکھ30ہزار ٹن رہی تھی جواس سے گزشتہ سال کی 52لاکھ70 ہزار ٹن پیداوار کے مقابلے میں 16.3فیصد زائد رہی تھی۔ مالی سال 16میں مکئی کازیرکاشت رقبہ11لاکھ91ہزار ہیکڑ سے بڑھ کے13لاکھ 34ہزار ہیکڑ ہوگیاتھا۔ جبکہ مکئی کی فی ہیکڑ پیداوار میں بھی نمایاں اضافہ ہواتھا۔