اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اوگرا نے ایل پی جی فی کلو قیمت میں 6 روپے کا اضافہ کردیا، جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 6 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے بعد گھریلو سلنڈر 66 روپے اور
کمرشل سلنڈر میں 250 روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔ اوگرا کے مطابق ایل پی جی کی نئی قیمت 121 روپے فی کلو مقرر ہوگئی ہے، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 1427 روپے کا ہوگیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی پیداواری قیمت میں 4776 روپے فی میٹرک ٹن اضافہ کردیا گیا ہے، گزشتہ ماہ ایل پی جی کی پیداواری قیمت 58 ہزار 962 روپے تھی جو اب نئی قیمت کے ساتھ 63 ہزار 728 روپے ہوگئی ہے۔ دوسری جانب چیئرمین ڈسٹری بیوٹرز عرفان کھوکھر نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز اوگرا کی سمری پر حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔ پیٹرول کی قیمت میں 59 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، نئی قیمت 90 روپے 38 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 25 پیسے کمی کی گئی ہے اس کی نئی قیمت 75.03 روپے ہوگئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 106.68 روپے فی لیٹر کی قیمت پر برقرار رکھا گیا تھا۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 73 پیسے فی لیٹر کمی گئی ہے، اس کی نئی قیمت 82.25 روپے مقرر کردی گئی ہے۔