لاہور(این این آئی ) پاکستان ریلو ے نے سابقہ دورحکومت میں فریٹ بزنس کیلئے منگوائے گئے 4ہزارہارس پاور کے انجنوں کو مسافر ٹرینیں چلانے کیلئے استعمال کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا ،16جنوری کو 20کوچز پر مشتمل مسافر ٹرین کا لاہور سے کراچی کے درمیان ٹرائل کیا جائے گا ۔ بتایا گیا ہے کہ امریکی انجنوں کو استعمال میں لانے کافیصلہ چینی انجنوں کی مینٹی ننس کے باعث کیا گیا ہے جو 10لاکھ کلو میٹر کا رننگ پریڈ مکمل
کرچکے ہیں اور اگر ان کی فوری مینٹی ننس نہ کی گئی تو موسم گرما میں انجنوں کے فیل ہونے میں اضافے کا امکان ہے ۔بتایا گیا ہے کہ فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹرل جنرل نے منظوری دیدی ہے اور کامیاب ٹرائل کے بعد میل ایکسپریس ٹرینیں امریکی انجنوں سے چلائی جائیں گی ۔یادرہے کہ سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے دور میں4ہزار ہارس پاور کے امریکی انجن فریٹ بزنس کیلئے منگوائے گئے تھے تاہم فریٹ بزنس کم ہونے کی وجہ سے 25انجن تاحال فارغ کھڑے ہیں ۔