اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ کا کہنا ہے کہ مالی مشکلات سے اقتصادی راہداری کو نقصان نہ پہنچنے دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا، شاہد رشید بٹ کا کہنا تھا کہ حکومت کی بڑھتی ہوئی
مالی مشکلات سے اقتصادی راہداری کے منصوبہ کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچنے دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو ترجیحات میں سر فہرست رکھا جائے جبکہ دیگر ممالک کو بھی اس منصوبہ میں شرکت کی اجازت دی جائے۔ سرپرست اسلام آباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز کا کہنا تھا ک اس منصوبے پر کام کی رفتار سست نہ ہونے دی جائے بلکہ ممکن ہو تو چین اور پاکستان اس پر کام کی رفتار بڑھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری جیسے عظیم میگا پراجیکٹ کی ناکامی کیلئے دشمن سرگرم ہیں مگر ان کی سازشیں ناکام ہو رہی ہیں۔ شاہد رشید بٹ کا مزید کہنا تھا کہ غیر ملکی دشمنوں کے علاوہ ملک میں بھی ایسے عناصر کی کمی نہیں جو میگا پراجیکٹس کو ناکام بنانے کے ماہر ہیں، یہ لوگ اب راہداری منصوبہ کو ناکام بنانے کیلئے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں تاکہ معیشت ترقی نہ کر سکے اور ملک ہمیشہ اغیار کا محتاج رہے جنھیں ناکام بنانے کی ذمہ داری عوام پر عائد ہوتی ہے۔