اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) یونائیٹڈ بزنس گروپ کے رہنما اور ایف پی سی سی آئی کے صدراتی امیدوارانجینئر دارو خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ملک میں دودھ اور گوشت کی مانگ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جسے پورا کرنے کے لئے لائیو اسٹاک شعبہ کو ترقی دی جائے۔ یہ بات انہوں نے اپنے ایک جاری بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک کو ترقی نہ دینے سےدرآمدات بڑھنے سے زر مبادلہ ضائع ہوگا ۔ اپنے بیان میں انہوں نے مزیدکہا کہ ملکی آبادی بڑھنے اور عوام کا معیار زندگی بہتر ہونے کی وجہ سے دودھ اور گوشت
کی پیداوار میں اضافہ ضروری ہو گیا ہے اس لئے لائیو اسٹاک سیکٹر کے پوٹینشل کو پہچانا جائے اور اس کی ترقی کے لئے قابل عمل منصوبہ بنایا جائے ۔ دارو خان اچکزئی نے مزید کہا کہ پاکستان دودھ کی پیداوار میں پانچویں نمبر پر ہے جس میں سات سے آٹھ گنا اضافہ ممکن ہے۔ جس سے پاکستان دودھ اور گوشت کا بڑا برآمد کنندہ ملک بن سکتا ہے۔ جدید طریقے اپنانے سے پاکستان دودھ اور گوشت کی پیداوار میں ساری دنیا پر سبقت حاصل کر سکتا ہے جس سے زرمبادلہ کے ذخائر اور صحت عامہ پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔