لاہور(این این آئی) لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں صنعتوں کو سستے سرمائے کی اشد ضرورت ہے، حکومت اور سٹیٹ بینک آف پاکستان فوری طور پر مارک اپ میں کمی کریں اور اس کے ساتھ ہی ریفنڈز بھی جتنے جلد ہوسکیں ادا کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی برآمدات کو بڑھاکرہی ممکن ہے، اس کے لیے صنعتوں کے یہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں سٹیٹ بینک
آف پاکستان نے مارک اپ میں اضافہ کردیا جس کی وجہ سے صنعتوں کی پیداواری لاگت اچانک بڑھ گئی، صنعتکاروں کو مجبورا وعدے کے مطابق آرڈرز پورا کرنا ہونگے لہذا پیداواری لاگت بڑھنے کی وجہ سے انہیں نقصان اٹھانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان زمینی حقائق کا ادراکرتے ہوئے مارک اپ میں فوری کمی کا اعلان کرے۔خواجہ شہزاد ناصر نے مزید کہا کہ حکومت صنعتکاروں کو سرمائے کی قلت سے بچانے کے لیے ان کے ریفنڈز بھی جلد سے جلد ادا کرے۔