لاہور(این این آئی)ایران پاک فیڈریشن آف کلچر اینڈ ٹریڈ کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ برآمدات کو فروغ دئیے بغیر تجارتی خسارہ کم نہیں ہوگا، روپے کی ڈی ویلیو ایشن مسئلے کا حل نہیں ، حکومت برآمدات کے فروغ کے لئے مقامی انڈسٹری کو مراعات اور سہولیات فراہم کرے۔
ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے خانیوال چیمبرکے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو معیشت کو استحکام دینے کیلئے مقامی انڈسٹری کیلئے طویل المدتی تجارتی پالیسیوں کو لانا ہوگااور ہر ماہ برآمدات میں 4 بلین ڈالر اضافہ کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ سابق حکومت کے دور میں تجارتی پالیسیاں صرف چند مند پسند برآمد کنندگان کو فائدہ دینے کیلئے بنائی جاتی رہی ہیں، موجودہ حکومت فوری طور پر مقامی کو انڈسٹری فروغ دینے پر توجہ دے کیونکہ ملکی کرنسی کو ڈی ویلیو کرنا مسئلے کا حل نہیں ہے ایسا کرنے سے ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ہوتا چلا جائے گا۔ لہٰذامعیشت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ مقامی انڈسٹری کیلئے بنیادی ان پٹ کو سستے داموں فراہم کیا جائے تاکہ پیداواری لاگت میں کمی لائی جا سکے تاکہ برآمدکنندگان عالمی منڈیوں میں مقابلہ کرنے کے قابل ہوں۔خواجہ حبیب الرحمان نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ مقامی انڈسٹری کو ویلیو ایڈیشن کی جانب لے کر جائے تاکہ ملک کیلئے زیادہ سے زیادہ زرمبادلہ حاصل کرنے کے مواقع حاصل ہو سکیں۔