اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ کا کہنا ہے کہ نئی شوگر ملیں لگانے اور موجودہ ملوں میں توسیع پر مکمل پابندی عائد کی، عرصہ دراز تک استحصال کا شکار ہونے والے بہت سے کاشتکار شوگر ملز مافیا کے چنگل سے نکل آئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا، شاہد رشید بٹ کا کہنا تھا کہ ملز مافیا کے جنگل سے نکلنے سے ان کا معیار زندگی بہتر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی با اثر شوگر ملز مافیا نے طویل عرصہ سے گنے کی خریداری اور
ادائیگیوں میں تاخیر اور دیگر منفی حربوں سے کسانوں کا جینا حرام کر رکھا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کاروبار اتنا منافع بخش تھا کہ ملک بھر میں مسلسل شوگر ملیں لگتی رہیں، جس سے پیداوار ضرورت سے بڑھ گئی جبکہ حکومت کو ہر سال فاضل چینی ٹھکانے لگانے کے لیے زرِکثیر صرف کرنا پڑتا ہے۔ ان کا موقف تھا کہ بہت سے شوگر ملز مالکان نے اپنے منافع میں کبھی بھی کاشتکار کو شریک نہیں کیا، ملک میں نئی شوگر ملوں لگانے اور موجودہ شوگر ملوں میں توسیع پر مکمل پابندی عائد کرنے کی ضرورت ہے۔