قاہرہ(این این آئی)مصری حکومت نے ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ قاہرہ ایران سے تیل کی خریداری کی کوشش کررہا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق مصری حکومت کا کہنا تھا کہ تہران کے ساتھ اس کا پٹرولیم مصنوعات کی خریداری کا کوئی معاہدہ نہیں۔مصری کابینہ کے شعبہ اطلاعات کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہاگیاہے کہ ایران کے ساتھ خام تیل یا پٹرولیم مصنوعات کی خریداری کی کوئی کوشش نہیں کی گئی اور نہ قاہرہ ایسا کرنا چاہتا ہے۔
ادھرمصری وزارت پٹرولیم نے بھی ذرائع ابلاغ میں ایران سے تیل کی خریداری کی کوششوں سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ بیان میں کہا گیاہے کہ ایران کے ساتھ خام تیل کی خریداری کا کوئی سمجھوتہ نہیں تاہم مصر عرب ممالک کویت، عراق، سعودی اور دوسرے ملکوں سے حاصل کردہ تیل سے توانائی اور تیل کی ضروریات پوری کررہا ہے۔ دوسری جانب حال ہی میں امریکا نے ایران پر مزید اقتصادی پابندیاں عاید کی ہیں۔ ان پابندیوں میں ایران کے تیل کے شعبے کو خاص طورپر نشانہ بنایا گیا ہے۔