کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) ملک کے ایک اسلامی بینک پر سائبر حملے کے بعد اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو پیمنٹ کارڈز سے متعلق ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق پاکستانی بینک کے کارڈ ادائیگیوں کے سسٹم پر ہیکرز کی جانب سے حملہ کیا گیا جس کے بعد بینک کارڈ کا بین الاقوامی استعمال معطل کردیا گیا ہے۔ اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ بینک کارڈ کو مختلف ممالک کے اے ٹی ایم اور پوائنٹ آف سیل پر استعمال کیا گیا تاہم بینک کو
معاملے کی تحقیقات اور سسٹم کو بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق متاثرہ بینک کو اپنے صارفین کو ضروری ہدایات جاری کرنے کا کہا گیا ہے جب کہ تمام بینکوں کو کارڈ سے ادائیگیوں کو رئیل ٹائم میں مانیٹر کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کے ایک اسلامی بینک کے ادائیگیوں کے سسٹم پر ہیکرز نے سائبر حملہ کیا جس کے نتیجے میں بینک کے کریڈٹ اور اے ٹی ایم کارڈز سے لاکھوں ڈالر نکال لیے گئے۔