کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز 100 انڈیکس 3 سال کی کم ترین سطح تک گر گیا جس کے بعد انڈیکس 36 ہزار 750 کی سطح سے بھی نیچے آگیا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کے پہلےکاروباری روز یعنی پیر کو اسٹاک مارکیٹ کا منفی آغاز دیکھا گیا۔ مارکیٹ کے آغاز پر ہی 100 انڈیکس میں 200 سے زائد پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی جس کے بعد 100 انڈیکس 37 ہزار 310 پوائنٹس پر آگیا۔ دن گزرنے کے ساتھ ساتھ مندی میں اضافہ ہوتا رہا اور کاروبار کے دوران 100 انڈیکس میں 785 پوائنٹس کی کمی ہوگئی۔ یہ 100 انڈیکس کی 3
سال 3 ماہ کی کم ترین سطح ہے جس کے بعد انڈیکس 36 ہزار 750 کی سطح سے بھی نیچے آگیا ہے۔ گزشتہ ہفتے کے آخری روز مارکیٹ 37 ہزار 571 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند روز میں روپے کی قدر میں ریکارڈ کمی دیکھی گئی جس کا اثر مارکیٹ پر بھی ہورہا ہے۔ امریکی کرنسی کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی اور صرف ایک دن میں ڈالر کی قدر 8 روپے بڑھی تھی۔ معاشی ماہرین کے مطابق روپے کی قدر میں کمی کی وجہ آئی ایم ایف پروگرام میں جانا ہے، مالیاتی فنڈ نے روپے کی قدر میں نمایاں کمی کی شرط عائد کی ہے۔