کراچی(این این آئی)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے کے دوران1708 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی،کے ایس ای100انڈیکس 37 ہزار 517 پوائنٹس کی سطح پر بند ہواجوگزشتہ دوسال کی کم ترین سطح ہے،
ہفتے کے دوران بیرونی سرمایہ کاروں نے 3 کروڑ 26 لاکھ ڈالر مالیت کے حصص فروخت کیے، اس طرح کاروباری ہفتے کے دوران مجوعی طور پر سرمایہ کاروں کے 361 ارب روپے ڈوب گئے۔ معاشی میدان میں بے چینی اسٹاک مارکیٹ کے سرمایہ کاروں کو ایک آنکھ نہ بھائی، کاروباری ہفتے کے دوران انڈیکس 4 فیصد گراوٹ سے سوا دو سال کی کم ترین سطح 37 ہزار 517 پوائنٹس پر آگیا۔ انویسٹر کے اعتماد کو مزید جھٹکا اس وقت لگا جب کئی بڑی کمپنیوں کے شیئرز کی مالیت میں مسلسل کمی کے باعث خدشہ پیدا ہوگیا کہ اگر سلسلہ ایسے ہی جاری رہا تو ان کمنپیوں کو ایمرجنگ مارکیٹ یا ایم ایس سی آئی انڈیکس سے نکال دیا جائے گا۔ایم ایس سی آئی انڈیکس میں شامل لکی سیمنٹ کے حصص کی مالیت میں 11 فیصد اور حبیب بینک کے حصص کی مالیت 8 فیصد تک گر چکی ہے۔ صرف انہی دونوں کمپنیوں کے حصص کی مالیت میں کمی سے انڈیکس میں 316 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ بینکوں اور سیمنٹ سیکٹر میں موجود کمپنیوں کے حصص میں کمی سے انڈیکس سے مجموعی طور پر 594 پوائنٹس نکل گئے۔ ایک ہفتے کے دوران بیرونی سرمایہ کاروں نے 3 کروڑ 26 لاکھ ڈالر مالیت کے حصص فروخت کیے، اس طرح کاروباری ہفتے کے دوران مجوعی طور پر سرمایہ کاروں کے 361 ارب روپے ڈوب گئے۔