کراچی (این این آئی) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز شدید مندی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث کے ایس ای100 انڈیکس40ہزار کی نفسیاتی حد سے بھی گرگیا اورمزید860.77پوائنٹس کی کمی سے 39226.35پوائنٹس کی سطح پر آگیا جبکہ حصص کی فروخت بڑھنے سے84.74فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی اور مارکیٹ 2.15فیصد گرنے کے سبب سرمایہ کاروں کوایک کھرب84ارب 30کروڑ32لاکھ روپے سے زائدکا نقصان اٹھانا پڑا
البتہ حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم جمعرات کی نسبت4کروڑ35لاکھ65ہزار شیئرز زائد رہا۔گزشتہ روز مخصوص کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری کے باعث کاروبار کاآغاز مثبت زون میں ہوا اور ابتدائی اوقات میں معمولی تیزی کے سبب کے ایس ای100انڈیکس40136پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا لیکن تھوڑ ی دیر بعد ہی گزشتہ کئی روز سے جاری مندی کے تسلسل میں سرمایہ کاروں نے ایک بار پھر حصص فروخت کرنے شروع کردئے جس میں زرمبادلہ کے کم ہوتے ذخائر اور روپے کی قدر پر بڑھتے دباؤ کے باعث وقت گزرنے کے ساتھ شدت آتی گئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100انڈیکس40ہزار ,39900،39800،39700 ،39600،39500،39400اور39300کی نفسیاتی حدوں سے گرتا چلا گیا جب کہ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 39031پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی پہنچ گیا ہم بعد ازاں مخصوص کمپنیوں کے سستے ہونے والے شیئرز کی خریداری کے باعث مارکیٹ میں معمولی ریکوری آئی لیکن مجموعی طور پر مندی کے اثرات زائل نہ ہوسکے اورمارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس860.77پوائنٹس کی کمی سے 39226.35پوائنٹس پربندہوا۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس411.27پوائنٹس کمی سے 19077.87پوائنٹس،کے ایم آئی30انڈیکس1559.07پوائنٹس کمی سے 66468.09پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 602.89پوائنٹس کمی سے28795.99پوائنٹس پر بند ہوا ۔
گزشتہ روز مجموعی طور پر367کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہواجن میں سے صرف 43کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ ہوا جب کہ اس کے مقابلے میں311کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی ریکارڈ کی گئی اور13کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔بیشتر کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی آنے کے باعث سرمایہ کاری مالیت میں ایک کھرب84ارب 30کروڑ32لاکھ روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت 82کھرب50 ارب91 کروڑ77لاکھ روپے سے گھٹ کر80کھرب66ارب66کروڑ14لاکھ روپے ہوگئی ۔گزشتہ روز15کروڑ40لاکھ94ہزار شیئرز کا کاروبار ہوا جو عمومی طور پر کم لیکن جمعرات کے مقابلے میں4کروڑ35لاکھ65ہزار شیئرز زائد رہا ۔
قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے آئی لینڈ ٹیکسٹائیل کے حصص سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت79.01روپے اضافے سے1773روپے اورسروس انڈسٹریز کے حصص کی قیمت21.21روپے اضافے سے721.99روپے پر بند ہوئی۔نمایاں کمی نیسلے کے حصص میں ریکارڈکی گئی جس کے حصص کی قیمت475روپے کمی سے9025روپے اورباٹا پاک کے حصص کی قیمت84روپے کمی سے1795روپے پر بند ہوئی ۔گزشتہ روز کاروباری سرگرمیوں کے لحاظ سے ورلڈ کال ٹیلی کام کے حصص 93لاکھ35ہزارشیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں جب کہ بینک آف پنجاب،پاک انٹر بلک، ٹی آر جی پاک ،لوٹی کیمکل ،اینگرو پولیمر،یونٹی فوڈز،فوجی فوڈز،کے الیکٹرک اورنیمر ری سنز کے حصص کا بھی نمایاں کاروبار ہوا ۔