اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کی کامیابی اور عمران خان کے متوقع وزیراعظم پاکستان بننے پر سعودی عرب بھی میدان میں آگیا ہے اور اس نے اپنے خزانے کی تجوریوں کا منہ کھولتے ہوئے پاکستان کو ایک ارب ڈالر دے دئیے ہیں جو کہ پاکستان کے اکائونٹس میں ٹرانسفر بھی ہو چکے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں ڈالر کی قدر میں کمی سامنے آنے لگی ہے اور روپے کی قدر میں اضافہ ہو رہا ہے۔ دوسری جانب چین بھی اعلان کر چکا ہے کہ وہ اپنے
دیرینہ دوست پاکستان کو مزید 2ارب ڈالر قرض فراہم کریگا ۔ چین کے اس اعلان کے بعد پاکستان کے ختم ہوتے فارن کرنسی ذخائر میں بہتری آئیگی اور کپتان کی نئی آنیوالی حکومت اطمینان کیساتھ اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے قابل ہو سکے گی ۔ وزارت خزانہ اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذرائع کے مطابق چین کی جانب سے اعلان کردہ دو ارب ڈالر میں سے ایک ارب ڈالر منتقل ہو چکے ہیں جس سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 10ارب ڈالر سے زائد ہو جائینگے۔