لاہور( این این آئی )ملک میں جاری کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے سبب صرف جنوری کے ایک مہینے میں سیمنٹ کی کھپت میں37 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچرز ایسوسی ایشن کے مطابق جنوری 2018 میں سیمنٹ کی مجموعی کھپت 40 لاکھ ٹن سے زائد رہی تاہم سیمنٹ کی برآمدات مسلسل کمی کا شکار رہی۔ جنوری 2018 میں سیمنٹ کی برآمدات گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے 7 فیصد کمی سے 3 لاکھ 76 ہزار ٹن رہی۔
دوسری جانب سات ماہ میں سیمنٹ کی کھپت 20 فیصد اضافے سے 2 کروڑ 63 لاکھ ٹن رہی جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران 2 کروڑ 29 لاکھ ٹن سیمنٹ استعمال ہوئی تھی۔ ترجمان آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت سیمنٹ انڈسٹری کے مسائل پر توجہ نہیں دے رہی ہے اور ایسے اقدامات نہیں کئے گئے جن سے برآمدات میں اضافہ ہو، ان مسائل میں سیمنٹ کی اسمگلنگ، انڈر انوائسڈ سیمنٹ کی درآمد بھی شامل ہیں، تاہم، انڈسٹری ان مسائل کو منافع میں کمی اور کارکردگی کو موثر بنا کر برداشت کر رہی ہے۔