نیویارک(این این آئی)عالمی بینکوں کی جانب سے قطر کے اولین بین الاقوامی بونڈز کے اجراء کی فنڈنگ سے انکار کے بعد قطر کو بڑے پیمانے پر شش و پنج کا سامنا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ پیش رفت دوحہ میں معیشت کی لڑکھڑاتی صورت حال کے سبب قطری ریال کی بگڑتی حالت کے ساتھ سامنے آئی ہے۔اس بحران سے نمٹنے کے لیے قطر اپنے اولین بین الاقوامی بونڈز کے اجراء کی منصوبہ بندی کر رہا ہے ۔
اور اس وقت نو ارب امریکی ڈالر کی فنڈنگ حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ایچ ایس بی سی بینک نے مذکورہ بونڈز کے لیے فنڈنگ میں کسی قسم کا بھی مرکزی کردار ادا کرنے سے منع کر دیا ہے۔ یہ ہی موقف دیگر بین الاقوامی بینکوں کی جانب سے بھی اپنایا گیا ہے۔واضح رہے کہ ایچ ایس بی سی نے گزشتہ دو برس کے دوران خلیج کے علاقے میں تقریبا تمام ہی خود مختار بونڈز کے اجراء کے انتظامات کیے تاہم اس مرتبہ وہ ایسا نہیں کرے گا۔یاد رہے کہ سعودی عرب ، امارات ، بحرین اور مصر نے گزشتہ برس جون میں دہشت گردی کی سپورٹ کے الزام میں قطر سے اپنے سفارتی تعلقات منقطع کر لیے تھے۔