لاہور(یو این پی)لاہور چیمبرکے قائم مقام صدر ذیشان خلیل نے کہا ہے کہ ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں 31دسمبر تک توسیع کیے بغیر مطلوبہ اہداف کا حصول ممکن نہیں ہوگا، لاہور چیمبر پہلے بھی نشاندہی کرچکا ہے کہ تھوڑی سی توسیع سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا لہٰذا ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ ایک ہی مرتبہ 31دسمبر تک بڑھائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسزکے انتہائی پیچیدہ نظام، ایف بی آر کے آئرس سسٹم کے ڈاؤن ہونے اور دیگر
بہت سے کاروباری مسائل کی وجہ سے تاجر برادری کی اکثریت بھرپور کوشش کے باوجود مقررہ وقت کے اندر ٹیکس ریٹرن جمع کرانے سے محروم رہے گی ، تاجروں کی سہولت کے پیش نظر ایف بی آر فوری طور پر 31دسمبر تک توسیع کا اعلان کرے جس سے تاجروں کو بہت بڑا ریلیف اور ذہنی سکون ملے گا اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو بھی اپنے اہداف پورے کرپائیگا۔