کراچی(این این آئی)بھارت اور افغانستان سے پیاز کی درآمد کے بعد ملک میں پیاز کی قلت ختم ہونا شروع ہوگئی ہے، جس کے باعث سبزی منڈی میں بڑے سائز کی پیازکی تھوک قیمت 50 سے 55 روپے جبکہ چھوٹے سائز کی پیاز کی فی کلو تھوک قیمت 40 سے 45 روپے پر آگئی۔دس روز قبل پیاز کی فی کلو تھوک قیمت 100 روپے سے زیادہ ہوگئی تھی۔ہفتہ کو کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کردہ پرائس لسٹ کے مطابق پیاز
کی فی کلو تھوک قیمت میں 10 روپے کی کمی واقع ہوئی ہے، ہفتے کو منڈی میں بڑی پیاز کی فی من سودے2050 سے 2200 روپے فی من اور چھوٹی پیاز کے سودے 16سو روپے سے 18 سو روپے فی من میں ہوئے۔مارکیٹ کمیٹی کے وائس چیئر میں آصف احمد نے بتایا کہ پاکستان میں پیاز کی قیمت اچانک زیادہ ہونے کے بعد پاکستان میں افغانستان اوربھارت سے پیاز کی درآمد شروع ہوگئی ہے۔بھارت سے یومیہ 30 سے 40 ٹرک آرہے ہیں اور اسطرح افغانستان سے بھی پیاز آرہی ہے ،ان کا کہنا تھا ایک ہفتے میں پیاز معمول کی قیمت پر آجائے گی کیونکہ ملک میں پیاز کی قلت تھی وہ آہستہ آہستہ ختم ہورہی ہے ، اور اب سندھ کی پیاز آنے والی ہے ۔