لاہور(این این آئی ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالباسط، سینئر نائب صدر امجد علی جاوا اور نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے حکومت کی جانب سے ایم این اے پرویز ملک کو وزیر تجارت بنانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے کے بڑے دور رس نتائج برآمد ہونگے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ وزارت تجارت بہت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ ملک کی معیشت کا زیادہ تر دارومدار بیرونی تجارت پر ہے ،
حکومت نے پرویز ملک کو وزیر تجارت بناکر بہت دانشمندی کا ثبوت دیا ہے، نئے وزیر تجارت بہت تجربہ کار اور باصلاحیت شخصیت ہیں اور وہ صنعت ، تجارت اور بیرونی تجارت کے حوالے سے درپیش مسائل سے بھرپور آگاہی اور انہیں حل کرانے کی وہ بھرپور اہلیت رکھتے ہیں۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے امید ظاہر کی کہ وزیر تجارت پرویز ملک برآمدات سے وابستہ شعبوں کو درپیش مسائل کے حل ، برآمدات کے فروغ اور پاکستانی مصنوعات کے لیے نئی منڈیوں جیسے اقدامات اٹھائیں گے۔