واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)رولز رائس کمپنی دنیا کی مہنگی ترین گاڑیاں بنانے کے حوالے سے خصوصی شہرت رکھتی ہے لیکن اب اس کمپنی نے ایک ایسی گاڑی بنا دی ہے کہ اس نے اپنے ہی تمام سابق ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کمپنی نے Sweptail کے نام سے ایک نئی کار تیار کی ہے جس کی قیمت تقریباً ایک ارب 30 کروڑ پاکستانی روپے ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ان کے پاس ایک خاص کسٹمر آیا تھا جسے دنیا کی انوکھی ترین اشیا جمع کرنے کا شوق ہے۔کمپنی نے دنیا کی
مہنگی ترین رولز رائس بنا کر اس کی یہ خواہش بھی پوری کر دی ہے اس انوکھی گاڑی کی تمام اندرونی آرائش ہاتھ سے کی گئی ہے جس کیلئے ایمزون کے جنگلات سے دنیا کی مہنگی ترین لکڑی اور افریقی جنگلوں سے شکار کیے گئے جانوروں کا چمڑا استعمال کیا گیا ہے۔اس گاڑی کی ایک اور منفرد بات مضبوط شیشے سے بنی چھت ہے جس کی وجہ سے گاڑی میں بیٹھ کر یوں محسوس ہوتا ہے گویا آپ کھلی فضا میں بیٹھے ہیں۔ کمپنی نے گاڑی کے خریدار کا نام تاحال ظاہر نہیں کیا۔