ملتان(آئی این پی)تین چوتھائی پاکستانیوں نے حکومت کی جانب سے کیے گئے ملکی معیشت کی بہتری کے دعوے کو درست قراردیا۔گیلپ پاکستان کی مددسے کیے گئے حالیہ سروے میں مجموعی طورپر73فیصدپاکستانیوں نے حکومت کی جانب سے کیے گئے ملکی معیشت کی بہتری کے دعوے کو درست قراردیا جبکہ 26فیصد پاکستانی اس سے غیر متفق ہیں۔
گیلپ انٹرنیشنل سے منسلک گیلپ پاکستان کی مدد سے کئے گئے گیلانی ریسرچ فاؤنڈیشن کے حالیہ سروے میں ملک بھر سے شماریاتی طور پر منتخب مردوخواتین سے یہ سوال پوچھا گیا کہ حال میں ہی حکومت کی جانب سے پاکستانی معیشت میں بہتری کے دعوے کیے جارہے ہیں۔آپ کے خیال میں پاکستانی معیشت میں بہتری کے حکومتی دعوے کس حدتک درست ہیں؟ اس سوال کے جواب میں 37فیصد جوابدہندگان کے مطابق پاکستانی معیشت میں بہتری کا حکومتی دعویٰ بہت زیادہ درست ہے،36فیصد افراد کا کہنا ہے یہ دعویٰ کسی حدتک درست ہے،16فیصد افراد کے مطابق کسی حدتک غلط جبکہ 10فیصد افراد سمجھتے ہیں کہ پاکستانی معیشت میں بہتری کا حکومتی دعویٰ بالکل غلط ہے،تاہم ایک فیصد افراد نے اپنی رائے کا اظہارنہیں کیا۔گیلپ پاکستان کی مدد سے کیے گئے گیلانی ریسرچ فاؤنڈیشن کے سروے میں پاکستان کے چاروں صوبوں کی دیہی اور شہری آبادی کو شامل کیا گیا۔یہ سروے 1872مردوخواتین سے 17اکتوبرتا 24اکتوبر2016منعقد ہوا جبکہ گیلپ پاکستان کی ویب سائٹ پر اس کے نتائج تین فروری کو جاری کئے گئے ہیں۔