لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)محکمہ ایکسائز نے گزشتہ روز لاہور سمیت پنجاب بھر میں فینسی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا اور ہزاروں گاڑیوں سے مسلم لیگ (ن) کے انتخابی نشان شیر والی،رکن صوبائی اسمبلی،پولیس،پی ایچ اے اور دیگر محکموں کے نام پر لگائی جانے والی فینسی نمبر پلیٹیں اتار دیں۔محکمہ ایکسائزکی جانب سے پولیس اور ٹریفک پولیس کی مدد سے جنرل ہولڈ اپ کیا گیا جس کے لئے پراپرٹی ٹیکس کے انسپکٹروں اور دیگر عملے کی خدمات بھی حاصل کی گئیں جبکہ 16 ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔
لاہور میں مال روڈ، ایمپرس روڈ، لبرٹی، فیصل ٹاؤن، گلبرگ، ٹھوکر نیاز بیگ، سگیاں پل، با بو صابو، بند روڈ، سمن آباد سمیت دیگر علاقوں میں ناکے لگا کر جنرل ہولڈ اپ کیا گیا اور3000 سے زائد گا ڑیوں سے فینسی نمبر پلیٹیں اتار ی گئیں جبکہ پنجاب بھر میں 13ہزارگاڑیوں سے نمبر پلیٹیں اتاری گئیں۔اسی طرح محکمہ ایکسائز نے غیررجسٹرڈ اور ٹوکن ٹیکس نادہندگان کے خلاف بھی کارروائی کی۔