کراچی(این این آئی)فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ بلاوجہ ڈالر کی خریداری سے وہ نقصان اٹھا سکتے ہیں کیونکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافہ عارضی ہے۔ چند روز میں ہی ڈالر ایک بار پھر 106 روپے سے بھی نیچے آ جائے گا۔جمعہ کو یہاں میڈیا سے بات چیت میں
صدر فاریکس ایسوسی ایشن ملک بوستان کے مطابق ملک میں سونے اور ڈالر کی اسمگلنگ بڑھ رہی ہے جسے روکنے کی اشد ضرورت ہے۔ اس وقت دبئی سے 1 تولہ سونا منگوانے پر 1 ہزار روپے منافع دیا جا رہا ہے جو بہت زیادہ ہے۔ اس حوالے سے اسٹیٹ بینک نے حکومت سے بات کرنے، سونے اور ڈالرز کے اسمگلرز کے خلاف سخت ایکشن لینے کی یقین دہانی بھی کرا دی ہے۔ ملک بوستان نے کہا کہ اگر حکومت سونے اور ڈالر کی اسمگلنگ پر قابو پا لے تو ڈالر 106 روپے سے بھی نیجے آ جائے گا۔