ریاض (این این آئی)سعودی عرب نے ایران کی جانب سے تیل کی پیداوار میں کمی نہ کرنے کی صورت میں تیل کی پیداوار میں اضافہ کی دھمکی دی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق تیل پیدا اوربرآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک کے ماہرین کے حالیہ اجلاس میں اس معاملے پر دونوں ممالک کے درمیان اختلاف دیکھنے میں آیا
ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے اوپیک سے کہا گیاہے کہ اگر ایران نے تیل کی پیداوار میں کمی نہیں کی تو اس صورت میں سعودی عرب تیل کی یومیہ پیداوار کو 12ملین بیرل یومیہ کی سطح پر لے جاسکتاہے جس سے قیمتوں میں خودبخود کمی آئیں گی۔اوپیک ہیڈکوارٹرز نے اس ضمن میں کسی تبصرے سے انکار کردیاہے،دریں اثناء عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز برینٹ فیوچرز کے تحت خام تیل کی قیمتوں میں 1.6فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی اورمستقبل میں خریداری کے معاہدے 45.62ڈالر فی بیرل میں طے پائے۔یوایس کروڈ کے تحت قیمتوں میں 1.3فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی اورمستقبل کے سودے 44.06ڈالر فی بیرل میں طے پائے۔ماہرین کے مطابق اوپیک کے رکن ممالک ایران اورسعودی عرب کے درمیان تیل کی پیداوار پر اختلاف کی وجہ سے قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔