کراچی(این این آئی)پاکستان اسٹیل ملز خریدنے کے لئے چین میدان میں آگیا، چین کی سب سے بڑی اسٹیل کمپنی باوگروپ نے اظہاردلچسپی کا خط لکھ دیاہے۔وفاقی حکومت نے ملز کی نجکاری کا عمل بحال کردیاہے کیونکہ سندھ حکومت نے کوئی دلچسپی ظاہرنہیں کی ۔تفصیلا ت کے مطابق وفاقی حکومت نے پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چین نے پاکستان اسٹیل ملز کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ چین کے باو گروپ نے اسٹیل ملز کی خریداری کے لیے باقاعدہ خط لکھ دیا ہے اور اسٹیل ملز کی پیداوار بڑھانے کا منصوبہ پیش کیاہے ۔ باو گروپ چین کی سب سے بڑی اسٹیل کمپنی ہے ۔ ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث اسٹیل کی نجکاری کا عمل بحال کیا گیا ہے۔ سندھ حکومت نے وفاقی حکومت کی پیش کش کا خاطر خواہ جواب نہیں دیا لیکن سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے سندھ کو مکمل تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ وفاقی حکومت گذشتہ تین سال میں پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری کی کئی مرتبہ کوشش کرچکی ہے مگراپوزیشن جماعتوں اور سندھ حکومت کی مخالفت کے باعث نجکاری کا عمل آگے نہیں بڑھ رہا۔ حکام کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے اسٹیل ملز کی نجکاری کا عمل بحال کردیا ہے۔ پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری کا عمل جون تک مکمل کرنا چاہتے ہیں اس دوران پاکستان اسٹیل ملز کے نقصانات کو کم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ پاکستان اسٹیل ملز جون 2015 سے بند پڑی ہے۔