لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)عالمی منڈیوں میں سونے کے نرخوں میں اچانک اضافے کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔یورپی اور ایشیائی منڈیوں میں سونے کے نرخوں میں اضافے کا رجحان رہا۔ لندن میں اسپاٹ گولڈ کے معاہدے 0.3فیصد کے اضافے سے 1259.76 ڈالر فی اونس، جب کہ یوایس گولڈ کے دسمبرمیں ڈیلیوری کے سودے 10.20ڈالر کی بہتری سے 1262.10 ڈالر فی اونس میں طے پائے۔بیشتر ایشیائی منڈیوں میں بھی سونے کے نرخوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اوربنگلورمیں اسپاٹ گولڈ کے نرخ 0.5فیصد کے اضافے سے 1262.43 ڈالر فی اونس، جبکہ یو ایس گولڈ کے نرخ ایک فیصد کی بہتری سے 1264.30 ڈالر فی اونس رہے۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے عالمی منڈیوں میں سونے کے نرخوں میں 4.5فیصد کمی ہوئی اور سونے کے نرخ 4ماہ کی کم ترین سطح 1241.20 ڈالر فی اونس کی سطح پر آگئے تھے
پاکستان میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری اور معاشی سرگرمیوں میں اضافے اور نئی کاروں کی فروخت بڑھنے کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔انڈسٹری کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تاستمبر) کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی فروخت 19فیصد اضافے سے 65لاکھ 49 ہزار ٹن رہی جس میں فرنس آئل کی فروخت میں 25فیصد، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت میں 10فیصد، موٹر اسپرٹ(پٹرول) کی فروخت میں 21فیصد جبکہ متفرق آئل مصنوعات کی فروخت میں 18فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، پہلی سہ ماہ کے دوران فرنس آئل کی فروخت 27 لاکھ 75ہزار ٹن رہی، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت 18لاکھ 25ہزار ٹن جبکہ موٹر اسپرٹ کی فروخت 16لاکھ 63ہزار ٹن اور متفرق آئل مصنوعات کی فروخت 2لاکھ 86 ہزار ٹن رہی۔اعدادوشمار کے مطابق ستمبر 2016 میں پیٹرولیم مصنوعات کی مجموعی فروخت ستمبر 2015کے مقابلے میں 14فیصد زائد تاہم اگست 2016کے مقابلے میں 5 فیصد کم رہی، ستمبر 2016کے دوران مجموعی طور پر 21لاکھ 50ہزار ٹن پٹرولیم مصنوعات فروخت کی گئیں، ستمبر 2016کے دوران فرنس آئل کی فروخت ستمبر 2015 کے مقابلے میں 18فیصد کے اضافے سے 8لاکھ 49ہزار ٹن، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت 9 فیصد کے اضافے سے 6لاکھ 27ہزار ٹن اور موٹر اسپرٹ کی فروخت 16فیصد اضافے سے 5 لاکھ 77ہزار ٹن جبکہ متفرق آئل مصنوعات کی فروخت 9فیصد بڑھ کر 96ہزار ٹن تک پہنچ گئی