اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرمملکت آئی ٹی وٹیلے کام انوشے رحمان نے موبائل فون لوڈ پر ٹیکس کم کرنے کے عوامی مطالبے کی حمایت کردی۔ان کا کہنا تھا کہ 100 روپے کے لوڈ پر تمام ٹیکس اور کمپنیوں کے سروس چارجز ملائیں تو 40روپے کٹوتی ہوتی ہے،ٹیکسوں کی بھرمار سے انڈسٹری ترقی نہیں کرے گی، فون کال پر ٹیکس کی اضافی شرح کم ہونی چاہیے۔قائمہ کمیٹی آئی ٹی کے اجلاس میں ایف بی آر حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ 100 روپے کے لوڈ پر پچیس روپے ستانوے پیسے ٹیکس ہے،ٹیلی کام کمپنیوں پر32 فی صد کارپوریٹ ٹیکس جبکہ صوبوں میں مخلتف شرح سے ٹیکس عائد ہیں،کمیٹی نےملک بھر میں ایک جیسا ٹیکس وصول کرنے کے لیے ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی ۔انوشے رحمان نے کہا کہ ابھی ملک میں تھری جی آیا ہے۔ ٹیکسوں کی بھر مار سے انڈسٹری ترقی نہیں کرے گی، ان کا کہنا تھا کہ مرضی کے مطابق ٹاورز نہ لگانے پر ٹاورز بموں سے اڑا دیے گئے۔کسی کے ذاتی گھر یا خواہش پر نہیں بلکہ میرٹ اور تکنیکی اعتبار سے موزوں جگہ پر ہی ٹاور لگائے جائیں گے ۔ انوشے رحمان کے بیان پر عوام میںامید اور خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔