لاہور(این این آئی ) وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے کہاکہ بھارت پر واضع کرچکے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر تجارت سمیت دیگر مسائل کا حل ممکن نہیں ہے ،پاکستان میں جمہوریت برقرار رہتی ہے تو بھارت سے کوئی خطرہ نہیں ،مسئلہ کشمیر پر بھارت کیساتھ سفارتی کوششیں جاری ہیں ، ہم مضبوط اورمستحکم ہوچکے ہیں پاکستان مستحکم ہوگا تو مسئلہ کشمیر حل ہوگا ، بھارت جنگی جنون میں مبتلاہے مودی کو اسی کی زبان میں جواب دیں گے ۔ ان خیالا ت کااظہارانہوں نے گزشتہ روز پولٹری ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پولٹری نمائش کی تقریب میں خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پولٹری ایسوسی ایشن کے رہنما خلیل ستار ، عبدالباسط، رضا محمود خورسنداوررائے منصب علی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ۔وفاقی وزیر خرم دستگیر نے کہاکہ 2016میں خدا کے خاص کرم سے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی زیر قیادت پاکستان پر امن ملک بن گیاہے پاکستان کی معیشت مستحکم ہوگئی ہے پاکستان نے اپنے توانائی کے بحران پر قابو پاناشرو ع کردیا ہے اکتوبر 2015سے لیکر 2016میں انڈسٹریل فیڈر پر لوڈشیڈنگ بند ہوگئی ہے اور مارچ 2016سے انڈسٹری کو گیس ملنا شروع ہوگئی ہے پاکستان دنیا سے دوبارہ جڑنا شروع ہوگیا ہے ۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا منصوبہ اس کیبڑی مثال ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ درست ہے کہ تمام تھانے ،ہسپتال اور پٹوار خانے بہتر نہیں ہوئے لیکن کچھ معاملات میں بہتری آئی ہے نواز شریف کی قیاد ت میں دیگر مسائل بھی حل کرلئے جائیں گے ۔ پولٹری سیکٹر اعتماد سے آگے بڑھ رہا ہے اس سے اقتصادی استحکام آئے گا اور ہر گزرتے سال کے بعد پولٹری سیکٹر ترقی کررہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی کوشش ہے کہ پولٹری سیکٹر کو ولڈرکلاس ایکسپو رٹ سیکٹر بنائے اس کیلئے ضروری ہے کہ ایسا پولٹری سیکٹر قائم ہوں جو عالمی معیارات کا حامل ہو۔انہوں نے کہاکہ خوشی ہے کہ بہت سی پولٹری سیکٹر کمپنیاں عالمی معیار حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی برآمدات کیلئے ترقی کا تیز ترین ذریعہ ہماری زراعت ہے لیکن اس کو نکھارنا ہے اور دنیاکے مطابق زراعت کو نئی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا پڑے گا۔انہوں نے تھائی لینڈ اور ترکی کے آزادانہ تجارت کے معاہدوں کے حوالے سے پولٹری ایسوسی ایشن کو یقین دلایا کے ان کے تحفظات دور کئے جائیں گے ۔ اس ضمن میں پولٹری ایسوسی ایشن اپنے تحفظات سے حکومت کو آگاہ کرے گی ۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں آئندہ ہفتے اجلاس بلاؤں گا جس میں پولٹری ایسوسی ایشنکے تحفظات جائزہ لیا جائے گا ۔