اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار 10 ستمبر کو پیرس روانہ ہوں گے، اپنے دورہ کے دوران وہ تنظیم برائے اقتصادی تعاون و ترقی (او ای سی ڈی) کے ساتھ ٹیکس سے متعلق امور میں کثیر الجہتی کنونشن برائے باہمی انتظامی معاونت پر دستخط کریںگے۔ معاہدہ پر دستخط کرنے کی تقریب 14 ستمبر کو ہو گی۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اس حوالہ سے اپنے بیان میں کہا کہ او ای سی ڈی نے پاکستان کو اپنا ممبر بننے کی دعوت دی ہے، ہم اس کی رکنیت کے تقاضوں پر پورا اترتے ہیں اور 14 ستمبر کو کنونشن پر دستخط کریں گے۔ اس معاہدہ کا 2017ء کے اختتام تک نفاذ ہو جائے گا اور 2018-19ء میں یہ مکمل فعال ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم معاہدہ میں شمولیت کا سہرا موجودہ حکومت کو جاتا ہے کیونکہ ماضی میں کسی حکومت نے اس بارے میں سوچنا بھی گوارا نہیں کیا۔ او ای سی ڈی کے تحت کثیر الجہتی کنونشن پر دستخط کرنے کے بعد پاکستان کو ٹیکس سے متعلق معلومات تک خود کار طور پر رسائی حاصل ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ وفاقی کابینہ اس کثیر الجہتی کنونشن پر دستخط کرنے کی پہلے ہی منظوری دے چکی ہے۔