کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی حکومت کی جانب سے گزشتہ سال 4 جون 2015ءکو جاری کردہ گزٹ نوٹی فکیشن کے مطابق یکم دسمبر 2016ء سے پرانے ڈیزائن کے بینک نوٹوں کی قانونی حیثیت ختم ہو جائے گی۔ اس لیے اب یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام باقی رہ جانے والے 10، 50، 100 اور 1000 روپے کے پرانے ڈیزائن کے بینک نوٹوں کو مرحلہ وار ختم کر دیا جائے گا۔ 5 روپے کے نوٹ اور پرانے ڈیزائن کے 500 روپے کے نوٹ کی قانونی حیثیت پہلے ہی ختم ہو چکی ہے۔سٹیٹ بنک پاکستان نے نئے ڈٰیزائن کے بینک نوٹ کی سیریز جاری کی تھی جس کا آغاز 2005ء میں 20 روپے مالیت کے بینک نوٹ کے اجرا سے ہوا تھا اور اس کا مقصد بینک نوٹوں کی سیکورٹی، پائیداری اور جمالیاتی معیار میں بہتری لانا تھا۔آٹھ مختلف مالیتوں پر مشتمل نئے ڈیزائن کے بینک نوٹوں کی مکمل سیریز (5 روپے، 10 روپے، 20 روپے، 50 روپے، 500 روپے، 1000 روپے اور 5000 روپے) کے اجرا کا عمل 2008ء میں مکمل ہوا تھا۔کمرشل اور مائیکروفنانس بینک 30 نومبر 2016ء تک 10، 50، 100 اور 1000 روپے کے پرانے ڈیزائن کے بینک نوٹوں کی وصولی اور ان تمام مالیتوں کا اتنی ہی مالیت کے نئے ڈیزائن کے بینک نوٹوں اور سکوں سے تبادلہ جاری رکھیں گے۔ تاہم ایس بی پی بی ایس سی کے فیلڈ دفاتر 31 دسمبر 2021ء تک عوام سے 10، 50، 100 اور 1000 روپے کے پرانے ڈیزائن کے بینک نوٹ قبول کرتے رہیں گے۔