اسلام آباد/لاہور( این این آئی)فیڈرل بورڈ آف ریو نیو نے تنخوا دار طبقے کو ٹیکس جمع کرانے کے لئے صرف پانچ روز کی مہلت دیتے ہوئے انکم ٹیکس ریٹرن فارم جاری کر دیا ۔ ایف بی آر نے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کے لئے نئے فارم کا اجرا کر دیا ہے اور تنخواہ دار طبقے کو 31 اگست تک اپنا ٹیکس ریٹرن فائل کرنا ہوگا ، بصورت دیگر نان فائلر کی فہرست میں شمار ہوسکتا ہے اور پراپرٹی ، گاڑی کی خریداری سمیت بینکنگ ٹرانزیکشن پر اضافی پیسے خرچ کرنے پڑیں گے ۔ ماہرین کے مطابق اتنے کم وقت میں آن لائن ٹیکس فائل کرنے کے خواہشمند حضرات کو ایف بی آر کی ویب سائٹ پر رش ہونے کے باعث کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے جبکہ کئی افراد حج کی ادائیگی کے باعث ملک میں موجود ہی نہیں ہونگے اس لئے نہ چاہتے ہوئے بھی حکومت کو ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی تاریخ میں توسیع کرنا پڑے گی ۔ دوسری جانب کمپنیاں انکم ٹیکس ریٹرن 31 دسمبر تک جمع کرانے کی پابند ہوں گی ۔