لاہور (این این آئی) آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن نے حکومت پر زور دیا ہے کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر حقیقی مارکیٹ قیمت کے مطابق 115روپے مقرر کی جائے ،عالمی مالیاتی اداروں کے مطابق بھی روپے کی قیمت اس وقت 115روپے ہونی چاہیے ۔آپٹما پنجاب کے چیئرمین عامر فیاض نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امسال بھی کپاس کی پیداوار کم رہنے کا خدشہ ہے اس لئے حکومت ملک میں کپاس کی درآمد پرڈیوٹی اور ٹیکسز ختم کرے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت سے مذاکرات چل رہے ہیں اگر اپٹماکے مطالبات منظور نہ کئے گئے تو اگست کے آخر میں یا ستمبر کے پہلے ہفتے کو یوم سیاہ منائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ٹیکسٹائل کو نظر انداز کرنے کے نتیجہ میں 15 ارب ڈالر کی انڈسٹری اور ایک کروڑ محنت کشوں کا روزگار خطرے میں ہے کیونکہ پاکستان کا سب سے بڑا برآمدی ٹیکسٹائل سیکٹر تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبہ میں سرمایہ کاری میں ہر سال کمی ہو رہی ہے جبکہ یارن کی درآمد بڑھ رہی ہے۔ 14۔2013ء میں اس کی امپورٹ کا حجم821 ٹن تھا جو 16۔2015ء میں بڑھ کر 1120 ٹن ہو گیا۔ اس طرح امپورٹ میں36 فیصد اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائلس برآمدات میں کمی ہو رہی ہے جس کا نقصان پاکستان کو ہوگا۔