کراچی (این این آئی)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پاکستان میں زیاؤ می اسمارٹ فون کی فروخت پر پابندی کی تصدیق کردی۔پی ٹی اے کے ترجمان خرم مہران نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ می ڈیوائسز’ پر پاکستان میں پابندی عائد ہے اور مذکورہ اسمارٹ فون پر پابندی کی وجہ یہ ہے کہ وہ ملک کے قانون کی پاسداری نہیں کررہے ٗانھوں نے کہا کہ تمام فونز کی فروخت سے قبل اس کی ساخت کیلئے پی ٹی اے سے منظوری حاصل کرنا ہوتی ہے ٗ زیاؤ می کو اب تک منظوری نہیں مل سکی ۔ترجمان نے یہ نہیں بتایا کہ مذکورہ اسمارٹ فون متعارف کرانے والوں نے اس کی منظوری کیلئے درخواست جمع کرائی ہے یا اسے نامنظور کردیا گیا انہوں نے کہاکہ ساخت کی منظوری کا طریقہ کار انتہائی آسان ہے کہ اس فون کا سیٹ پی ٹی اے میں جمع کرانا ہوتا ہے۔خرم مہران نے کہا کہ اس کا ایک فارم ہے جس کی معمولی سی فیس ہے ٗ انھیں اسے لازمی جمع کرانا ہوگا تاکہ اس کی منظوری دی جاسکے یا اسے مسترد کیا جاسکے۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی اے فون کی ٹیکنیکل تفصیلات کے ساتھ ساتھ دیگر چیزوں کو بھی دیکھتا ہے جس کے بعد اس کی منظوری کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔