اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) رواں مالی سال 2016-17ء کے دوران سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں مزید 10 فیصد تک اضافہ کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2015-16ء کے اختتام پر متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں کام کرنے والے سمندر پار پاکستانیوں نے 19.9 ارب ڈالر کی ترسیلات بھیج کر تاریخی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ 30 جون 2016ء تک بھیجی گئی ترسیلات زر نے حکومت کی جانب سے مقررہ 19 ارب ڈالر کے ہدف کو بھی عبور کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران پاکستان کا انحصار کسی حد تک ترسیلات زر، غیر ملکی سرمایہ کاری اور امداد کی مد میں موصول ہونے والی رقوم پر ہو گا۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ میں معمولی اضافہ کے باوجود اوورسیز ورکرز کے ترسیلات زر میں مثبت نمو کا امکان ہے۔ اسی طرح دوطرفہ اور کثیر الجہتی منصوبوں کیلئے موصول ہونے والی فنڈنگ بیلنس آف پیمنٹس میں مجموعی سرپلس برقرار رکھنے میں مدد دے گی۔