لورالائی(نیوز ڈیسک) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن وزیر مملکت ماروی میمن نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بی آئی ایس پی کے بجٹ میں اضافہ کرکے اس کو سو ارب کر دیا جو کہ ایک ریکارڈ ہے، اس پروگرام کے تحت بلاامتیاز تمام غریب خواتین کو مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے، ماضی میں اگر کسی خاندان یا مستحق خواتین کو نظر انداز کیا گیا ہے تو نئے سروے میں انہیں ان کا حق ضرور ملے گا۔یہ بات انہوں نے لورالائی میں ایک روزہ دورے کے دوران بی آئی ایس پی کے دفتر میں خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں کوئی بدعنوانی یا کرپشن برداشت نہیں کیا جائے گی اور پروگرام کی شفافیت کو قائم رکھنے کے لیے جامع میکنزم تشکیل دیا جا رہا ہے اور نئے سروے میں ایسی کوئی غلطیاں نہیں دہرائی جائیں گی جس سے غریب خواتین کا استحقاق مجروح ہو۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو باہنر بنا کر روزگار کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور ملکی ترقی وخوشحالی میں خواتین کے موثر کردار سے استفادہ کرنے کیلئے انہیں بااختیار بنا یا جا رہا ہے