لاہور( نیوزڈیسک) چین نے ساہیوال کول پاور پلانٹ پر کام کے لئے پاکستانی یونیورسٹی یو ای ٹی کے66 انجینئرز کا بھی انتخاب کیا ہے۔ یہ انجینئرز بعدازاں مزید ٹریننگ کے لئے چین بھی جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیلنجز ہمیشہ مواقع فراہم کرنے کا ذریعہ بھی بنتے ہیں۔اس بات کاانکشاف پنجاب کے وزیرتعلیم رانامشہودنے کیا۔انہوں نے کہاکہ ریسرچ کلچر کو فروغ دئیے بغیر جامعات قومی ترقی میں اپنا حصہ نہیں ڈال سکتیں۔روایتی علوم وفنون کا زمانہ پیچھے رہ گئی،دنیااب انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھی آگے بڑھ کر نالج اکانومی کی بنیاد پر تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے، پاکستان کو ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں شامل کرنے کے لئے حکومت تعلیم،ریسرچ اور آئی ٹی کے فروغ کے ساتھ لاہور نالج پارک جیسے سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبے شروع کررہی ہے ،پنجاب حکومت یونیورسٹیوں کو تحقیق کے میدان میں ترقی کے لئے ہر قسم کی معاونت فراہم کررہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں کیمیکل ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام عالمی کانفرنس برائے اوپن سورس سسٹمز اینڈ ٹیکنالوجیز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے ڈائریکٹر جنرل پی سی ایس آئی آر ڈاکٹر سخاوت علی،وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر فضل احمد خالد اور ڈاکٹر وقار محمود نے بھی خطاب کیا۔مہمان خصوصی رانا مشہود احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا دور نالج بیسڈ اکانومی کا ہے۔عالمی سطح پر اقوام عالم کے درمیان سخت معاشی کشمکش اور مقابلے کا دور ہے اور آئے روز معاشی ترقی کے نئے نئے تصورات اور طریقے سامنے آرہے ہیں۔آج کا دور نت نئے آئیڈیاز کا زمانہ ہے۔اس پس منظر میں انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبوں کا دور جدید کے چیلنجز کے حوالے سے دن رات تحقیق اور جستجو میں سرگرم رہنا عصر حاضر کی ضرورت بن گئی ہے۔اکیڈیمیا ، ٹیکنالوجی اور کارپوریٹ سیکٹر کا باہمی تال میل معاشی میدان میں معجزے برپا کررہا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ وطن عزیز میں بھی دور جدید کے تقاضوں سے پوری طرح ہم آہنگ تعلیمی تحقیقی اور معاشی نظام مستحکم کیا جائے۔رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ ساہیوال کول پاور پلانٹ پر کام کے لئے چین نے یو ای ٹی کے66 انجینئرز کا بھی انتخاب کیا ہے۔ یہ انجینئرز بعدازاں مزید ٹریننگ کے لئے چین بھی جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیلنجز ہمیشہ مواقع فراہم کرنے کا ذریعہ بھی بنتے ہیں۔ ہمیں انفارمیشن سوسائٹی سے نالج اکانومی میں ڈھلنے کا چیلنج درپیش ہے تو اس مرحلے پر ہمارے نوجوانوں کے لئے سی پیک اور دیگر میگا پراجیکٹس کی صورت میں روزگار اور آگے بڑھنے کے لاکھوں مواقع منتظر ہیں۔ ہماری حکومت کافرض نوجوانوں کو کیرئیر بنانے اور اپنے پاو¿ں پر کھڑا ہونے کے لئے پلیٹ فارم کی فراہمی ہے اور وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلی شہباز شریف کی قیادت میں حکومت اس مقصد کے حصول کے لئے دن رات کوشاں ہے۔