کراچی(نیوز ڈیسک ) پاکستان میں رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری میں مجموعی طور پر 23 فیصد اضافہ عمل میں آیا۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے نومبر 2015کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 15کروڑ 41لاکھ ڈالر اضافے سے 82کروڑ 49لاکھ ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 67کروڑ ڈالر تھی،ان5 ماہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) 4کروڑ 30 لاکھ ڈالر(8.7فیصد) کے اضافے سے 54کروڑ2لاکھ ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال 49 کروڑ 71 لاکھ ڈالرتھی۔نومبر 2015 میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری سال بہ سال 12کروڑ 27لاکھ ڈالر کے اضافے سے 15کروڑ 73لاکھ ڈالر رہی، گزشتہ 5 ماہ میں پورٹ فولیو سرمایہ کاری سے19کروڑ 38لاکھ ڈالر نکال لیے گئے جبکہ پاکستانی بانڈزپر بیرونی سرکاری سرمایہ کاری 47کروڑ 85 لاکھ ڈالر رہی تاہم گزشتہ مالی سال اس مد میں ڈھائی کروڑ ڈالر کے انخلا کے باعث غیرملکی پبلک انویسٹمنٹ سال بہ سال50کروڑ 35لاکھ ڈالرزائد ہے، مجموعی غیرملکی نجی سرمایہ کاری 50 فیصد کمی سے 34کروڑ 64 لاکھ ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال 69کروڑ 58 لاکھ ڈالر رہی تھی۔اعدادوشمار کے مطابق براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کے لحاظ سے توانائی، تیل و گیس کی تلاش اور ٹیلی کام سیکٹر نمایاں رہے، توانائی کے شعبے میں 27کروڑ 31لاکھ ڈالر ، کوئلے سے بجلی کی پیداوار میں 21کروڑ 13 لاکھ ڈالر، تیل سے بجلی کی پیداوار میں 2کروڑ 78لاکھ ڈالر جبکہ پانی سے بجلی کی پیداوار کیلیے 3کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی۔ٹیلی کام سیکٹر میں غیرملکی سرمایہ کاری 7کروڑ 60لاکھ ڈالر رہی، مجموعی طور پر کمیونی کیشنز سیکٹر میں 5کروڑ 60لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی، انفارمیشن ٹیکنالوجی سے سرمایہ کاری کا انخلا 2کروڑ ڈالر رہا، تیل و گیس کی تلاش کے شعبے میں 12کروڑ 60لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی، فوڈ 55لاکھ ڈالر اورپٹرو کیمکل سیکٹرسے 13کروڑ61 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری نکالی گئی۔