اسلام آباد(نیوزڈیسک )پی آئی اے کے ملازمین کی طرف سے نجکاری کے فیصلے کےخلاف احتجاج کا سلسلہ گزشتہ روزبھی جاری رہا ،ملازمین نے دوپہر بارہ بجے تک دفاتر میں تالہ بندی کر کے احتجاجی مظاہرے کئے اور صدارتی آرڈیننس واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔ تفصیلات کے مطابق جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی کال پر پی آئی اے ملازمین نے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے نجکاری کے فیصلے کے خلاف گزشتہ روز دفاتر میں جزوی ہڑتال کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ۔ پی آئی اے ملازمین نے صبح ڈیوٹی پر آنے کے بعد دفاتر میں تالہ بندی کر کے دوپہر بارہ بجے تک کام چھوڑ ہڑتال کرکے مظاہرے کئے ۔ لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیر پورٹ اور پی آئی اے کے ایجرٹن روڈ پر واقع دفاتر میں ملازمین نے دفاتر میں تالہ بند کر کے مظاہرے کئے ۔ اس دورا ن مظاہرین نا منظور نا منظور نجکاری نا منظور ،لاٹھی گولی کی سرکار نہیں چلے نہیں چلے گی کے نعرے لگاتے رہے ۔مظاہرین کا کہنا تھاکہ حکومت نجکاری کا فیصلہ فی الفور واپس لے ۔ پہلے مرحلے میں جزوی ہڑتال کر رہے ہیں اور آئندہ مکمل ہڑتال کرنے سمیت فلائٹ آپریشن بھی بند کر دیا جائے گا ۔لاہور کے علاوہ ملک بھر میں پی آئی اے کے دفاتر میں تالہ بندی کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا اور نجکاری کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا ۔ ترجمان کے مطابق ملازمین کے احتجاج کے باعث کہیں بھی پروازوں کا شیڈول متاثر نہیں ہوا ۔