اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے مارچ کی فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی 2روپے6پیسے سستی کرنے کی درخواست نیپرا کو بھیج دی ، مگر کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا فیصلہ یہ ریلیف مکمل طور پر صارفین کو منتقل کرنے میں رکاوٹ بن سکتا ہے ،انٹرنل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی طرف سے نیپرا کو بھیجی گئی درخواست کے مطابق مارچ کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں 2روپے 6پیسے کمی بنتی ہے، تاہم گزشتہ ہفتے وزارت پانی وبجلی ہی کی سفارش پر کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ فیول ایڈجسٹمنٹ میں کمی کی صورت میں ماہانہ 300یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو مکمل ریلیف فراہم نہ کیا جائے ، وزارت پانی وبجلی نے کا بینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی میں مو?قف اختیار کیا تھا کہ ماہانہ 300یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو حکومت فی یونٹ بجلی پر پہلے ہی سبسڈی دیتی ہے اس لیئے ان صارفین کو فیول ایڈجسٹمنٹ میںکمی کا پورا ریلیف منتقل نہ کیا جائے ، نیپراسینٹرل پاور پر چیزنگ ایجنسی کی درخواست کی دو جون کو سماعت کرے گا ، جس میں فیصلہ ہو گا کہ صارفین کو کتنا ریلیف فراہم کر نا ہے ، جو فیصلہ بھی ہوا کے الیکٹرک کے سوا ملک بھر کے صارفین پر لاگو ہو گا۔