اسلام آباد (نیوزڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر پر ٹیکس لگانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، چین پاکستان اقتصادی راہداری تاریخ ساز منصوبہ ہے، موجودہ حکومت چھوٹے و درمیانے درج کے کاروبار کےلئے بینکوں سے مالی وسائل کی دستیابی کےلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔وہ جمعہ کو یہاں قومی مالی شمولیت حکمت عملی کے اجراءکی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں مزید کاروباری مواقع پیدا کر نے کےلئے کوشاں ہے اور حکومت عوام کو خود کفیل اور معاشی طور پر با اختیار بنانا چاہتی ہے، معیشت کی بہتری کےلئے حکومت توانائی اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ اس میں چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کو بینکوں کے ذریعے وافر مالی وسائل کی دستیابی کو ممکن بنانا بھی شامل ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری ایک تاریخ ساز منصوبہ ہے ، جس پر عملدرآمد کےلئے دونوں ملکوں نے حال ہی میں معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ نیز ان کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر پر ٹیکس لگانے کی افواہیں بے بنیاد ہیں ایسی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔