اسلام آباد(نیوز ڈیسک)خوشحالی بینک کے صدر غالب نشتر نے کہا ہے کہ انکا ادارہ پاکستان خواتین کی فلاح و بہبود اور انکی استعداد بڑھانے کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔کوئی قوم خواتین کو با اختیار بنائے بغیر اور اقتصادی سرگرمیوں میں انکی بھرپور شمولیت کے بغیر ترقی نہیں کر سکی ہے۔ اسلام آباد ویمن چیمبر خواتین کو کاروباراور تجارتی تعلقات بڑھانے اور تکنیکی تربیت فراہم کرنے کا منفرد ادارہ بن چکا ہے جسکی خدمات پر ہمیں فخر ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی میں سے نصف سے زیادہ خواتین پر مشتمل ہے جنھیں قومی دہارے میں لائے بغیرپائیدار ملکی ترقی کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا۔ غالب نشتر نے کہا کہ تاجر خواتین کا مستقبل سنوارنے کیلئے انکی مصنوعات روشناس کروانے اور نئی منڈیاں تلاش کرنے کی ضرورت ہے جس میں ایسی نمائشیں بہت مدد دیتی ہیں۔ ہمیں تبدیلی اور ترقی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن کوششیں جاری رکھنا ہونگی ۔ثمینہ فاضل نے کہا کہ نمائشوں سے تعلقات میں اضافہ، سرمایہ کاری کے نئے مواقع، نئے تجربات اوربا صلاحیت افراد کو آگے آنے کا موقع بھی ملتا ہے۔خواتین کو معاشی طور پر مستحکم کرنے تک پاکستان گھرانوں کی اکثریت غربت کا شکاررہیں گے۔ خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے اور اسلام آباد ایکسپواسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ صنفی مساوات اورخواتین کو با اختیار بنانے اور انکی ترقی کی راہ میں حائل مشکلات کے خاتمہ کے لئے کوششیں بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ ملک ترقی کر سکے۔