کراچی (نیوز ڈیسک ) کراچی ا سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر شدید مندی ، ہنڈرڈ انڈیکس انتیس ہزار کی سطح بھی توڑ گیا۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق کراچی شیئر بازار میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز میوچل فنڈز نے اپنا مال فروخت کیا جو ہنڈریڈ انڈیکس گرنے کی بڑی وجہ رہی۔ میوچل فنڈز مارکیٹ کی مسلسل گراوٹ سے ہونے والے نقصان کی مارجن کالز جمع کرانے کے لئے اپنا مال فروخت کر رہے تھے۔ ہنڈریڈ انڈیکس تین فروری کو تاریخ کی بلند ترین سطح چونتیس ہزار آٹھ سو چھبیس سے تقریبا پانچ ہزار نو سو پوائنٹس گر چکا ہے۔ اس گراوٹ کی وجہ بیرونی سرمایہ کاری کا کراچی شیئربازار سے انخلاءہے۔ بیرونی سرمایہ کاروں نے سوئس فرینک کی قدر میں اضافے سے عالمی سطح پر بھاری نقصان کئے تھے جسے پورا کرنے کے لئے انہیں کراچی سٹاک میں اپنا مال فروخت کرنا پڑا۔ صورتحال سے مقامی سرمایہ کاروں کو بھی نقصان ہوا ہے جو نقصان بھرنے کے لئے اپنا مال فروخت کر رہے ہیں۔