اسلام آباد(نیوز ڈیسک)آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس کل واشنگٹن میں ہوگا جس میں پاکستان کے لیے قرض پروگرام کی چھٹی قسط جاری کرنے کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ پاکستان کی معاشی کارکردگی کے جائزے کے بعد 52 سے 55 کروڑ ڈالر قرض کی قسط جاری کرنے کی منظوری دے سکتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بیش تر معاشی اہداف حاصل کیے ہیں۔بجلی کی سبسڈی مقررہ بجٹ تک محدود کی گئی ہے۔الائیڈ بینک کے سرکاری حصص کی کامیاب فروخت کی گئ۔ سکوک بانڈ کے کامیاب اجرا سے ایک ارب ڈالر حاصل ہوئے۔ فروری میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 70 کروڑ ڈالر موصول ہوئے۔چھ عشاریہ سات ارب ڈالر قرض پروگرام کی چھٹی قسط ملنے سے زرمبادلہ ذخائر 17 ارب ڈالر کے قریب پہنچ سکتے ہیں۔