الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کر دیں، تمام ریجنل الیکشن کمشنرز کو خط لکھ دیا
اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر میں عام انتخابات کی ڈرافٹ پولنگ سکیم تیار کر لی۔ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات کیلئے ملک بھر میں تقریباً ایک لاکھ پولنگ سٹیشنز بنائے جائیں گے، پولنگ سٹیشن ایک کلومیٹر کے فاصلے پر ڈرافٹ کئے گئے ہیں، ایک پولنگ سٹیشن پر ووٹرز کی زیادہ سے زیادہ تعداد 1200 رکھی گئی ہے۔انتخابی شیڈول جاری ہونے پر ڈرافٹ پولنگ سکیم ڈی آر اوز کے حوالے کی جائے گی، سیلاب کے باعث سکولز کی متبادل سرکاری عمارتوں میں پولنگ سٹیشن قائم کئے جائیں گے۔الیکشن کمیشن نے تمام ریجنل الیکشن کمشنرز کو بھی خط لکھ کر پولنگ اسٹیشنز کی ڈرافٹ فہرستیں، پولیس اور ایجنسیوں کو فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز سے متعلق متعلقہ اداروں سے فیڈ بیک لیا جائے۔ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق حساس پولنگ سٹیشنز پر فوج اور رینجرز تعینات کی جائے گی۔