اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ستمبر 1965ءکی جنگ کے گولڈن جوبلی کے سلسلے میں جی ایچ کیو راولپنڈی کے وسیع و عریض سبزہ زار پر ملکی تاریخ کی سب سے بڑی فوجی تقریب ہوئی جس کے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل راحیل شریف تھے۔ دیگر معزز مہمانوں میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر سیفران جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ، وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید، سینٹ کے ڈپٹی چیئرمین عبدالغفور حیدری، لیڈر آف اپوزیشن سید خورشید شاہ اور بعض دوسرے قومی سیاستدانوں کے علاوہ قومی ہیروز اور جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل راشد محمود، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ذکاءاللہ، چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل سہیل امان، کور کمانڈرز، اعلیٰ سول و فوجی عہدیدار، شہداءکے لواحقین، جنگ ستمبر کے غازیوں سابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل (ر) اشفاق پرویز کیانی سمیت سابق سروسز چیفس اور ریٹائرڈ سینئر فوجی افسران اور ان کی بیگمات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جنگ رپورٹر حنیف خالد کے مطابق یہ تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہونے والی ملکی تاریخ کی سب سے بڑی عسکری تقریب تھی۔ تقریب کا آغاز قومی ترانے اور تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ اس سے پہلے ایک سو سے زائد بچے اور بچیوں نے ستمبر 1965ءکے ولولہ انگیز نغموں کی پس پردہ موسیقی کے ساتھ روشن دیے ہاتھوں میں پکڑ کر مارچ پاسٹ کیا۔ اس تقریب کے مہمانوں کی آمد شام 6 بجے شروع ہوگئی تھی۔ سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔ رات 8 بج کر 10 منٹ پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی آمد کے فوری بعد ستمبر 1965کی جنگ کی گولڈن جوبلی تقریبات کی سب سے بڑی تقریب میں کم و بیش 25 ہزار کے لگ بھگ سابق ریٹائرڈ فوجی افسروں، جوانوں اور شہداءپاکستان کے لواحقین خصوصی طور پر تشریف لائے تھے۔ اس تقریب کی نمایاں بات یہ دیکھی گئی کہ ستمبر 1965کی جنگ کے حوالے سے یوم دفاع پاکستان کی تقریب اس وقت کے آرمی چیف جی ایچ کیو آڈیٹوریم میں تقریب کا انعقاد کیا کرتے تھے جہاں چند سو سے زائد نشستیں نہیں تھیں مگر موجودہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف جو عسکری خانوادہ کے چشم و چراغ ہیں جن کے والد آرمی میں میجر تھے اور ان کے بڑے بھائی میجر شبیر شریف شہید نے بے مثال جرات سے وطن کا دفاع کرتے ہوئے نشان حیدر کا اعزاز حاصل کیا۔ ان کے ماموں میجر عزیز بھٹی شہید جو ستمبر 1965ءکی جنگ میں لاہور پر حملہ آور دشمن کی فوج کی پیش قدمی روکتے ہوئے شہادت کا رتبہ پایا اور انہیں بھی نشان حیدر کے اعزاز سے نوازا گیا۔ جنرل راحیل شریف جو نہ صرف محافظان وطن میں ہردلعزیز ہیں بلکہ پاکستان بھر کے عوام ان کو غیرمعمولی قدر و منزلت سے دیکھتے ہیں۔ جب تقریب گاہ میں داخل ہوئے تو ان کی آمد کا اعلان بگل بجا کر کیا گیا۔ تلاوت قرآن پاک کے بعد ستمبر 1965ءکی جنگ کی بلیک اینڈ وائٹ ویڈیوز سکرین پر دکھائی گئیں۔ جنرل راحیل شریف نے ستمبر 1965ءکی گولڈن جوبلی کی تاریخی تقریب سے تاریخ ساز خطاب کیا۔ اس تقریب کا اہتمام میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ ان کے رفقاءنے فوج کے افسروں اور جوانوں کی بھرپور شبانہ روز معاونت سے کیا۔ پوری قوم نے اس تقریب کے انعقاد پر اس کے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ جنرل راحیل شریف نے شہدائے وطن کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔