ملتان (این این آئی)پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ سیریز میں تو شکست ہوگئی تاہم آخری میچ میں فتح حاصل کرکے انگلینڈ کو پھرپور جواب دینا چاہیں گے۔ ثقلین مشتاق نے ایک انٹرویومیں کہا کہ ملتان ٹیسٹ میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی کارکردگی سے خوش ہوں۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم تجربہ کار کھلاڑیوں پر منحصر ہے،
پاکستانی کھلاڑیوں کے پاس ریڈ بال کا زیادہ تجربہ نہیں ہے،سعود شکیل اور محمد نواز کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ثقلین مشتاق نے کہا کہ امام الحق ہسپتال سے آئے اور اچھی بیٹنگ کی،خوش ہوں تاہم بدقسمتی سے نتیجہ ہمارے حق میں نہیں آیا،کراچی کی وکٹیں بھی اسپنرز کے لیے سازگار ہوں گی۔ہیڈ کوچ نے کہا کہ ہم انگلینڈ کے خلاف سیریز تو ہار گئے لیکن آخری ٹیسٹ جیت کر انگلینڈ کو جواب دینا چاہتے ہیں،آپ یا تو جیتتے ہیں یا سیکھتے ہیں،امید ہے کھلاڑیوں نے بہت کچھ سیکھا ہوگا،جو غلطیاں ہوئیں اس کا جائزہ لیں گے۔ٹی وی امپائر جول ولسن کی جانب س سعود شکیل کو آؤٹ دینے پر ثقلین مشتاق نے کہا کہ سعود کے کیچ پر دنیا تبصرہ کررہی ہے،امپائر کے فیصلے ماننے ہوتے ہیں اور صرف ایک کیچ کو لے کر ہی نہیں بیٹھ جانا، ہمیں آگے بڑھنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ہر کسی کو بابر اور رضوان سے امیدیں ہیں،سب اسکور کریں ایسا ممکن نہیں،عوام اور میڈیا رنز وکٹیں اور جیت دیکھتے ہیں،کوچ اعتماد یقین کنٹرول عمل اور فوکس دیکھتا ہے،رضوان ہمیشہ پر اعتماد نظر آتا ہے،امید ہے رضوان آئندہ میچز میں اسکور کرے گا۔



















































