اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل فون کے کمزور سگنلز کے باعث کال کرنے میں دشواری کا سامنا کرنے والے صارفین کو وائی فائی کالنگ کی سہولت استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق اس ٹیکنالوجی کے ذریعے ان مقامات پر بھی کال کی جا سکتی ہے جہاں موبائل نیٹ ورک کے سگنلز مناسب طور پر دستیاب نہ ہوں۔
نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی اے نے عوامی آگاہی پیغام میں بتایا ہے کہ گھروں اور دفاتر کے اندر موبائل سگنلز کمزور ہونے کی صورت میں وائی فائی کالنگ صارفین کے لیے ایک مفید متبادل ثابت ہوسکتی ہے۔
وائی فائی کالنگ کو ’وائس اوور وائی فائی‘ (VoWiFi) بھی کہا جاتا ہے۔ اس سہولت کے ذریعے موبائل فون پر کال کرنے کے لیے روایتی موبائل سگنلز کے بجائے وائی فائی انٹرنیٹ کنکشن استعمال کیا جاتا ہے، جس سے کمزور نیٹ ورک والے علاقوں میں رابطہ برقرار رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ صارف کا موبائل فون وائی فائی کالنگ کو سپورٹ کرتا ہو اور اس کا متعلقہ موبائل آپریٹر بھی یہ سروس فراہم کرتا ہو۔ صرف وائی فائی انٹرنیٹ سے منسلک ہونا ہر صورت میں اس سہولت کے فعال ہونے کی ضمانت نہیں۔
اتھارٹی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے موبائل فون کی سیٹنگز میں جاکر وائی فائی کالنگ کا آپشن تلاش کریں۔ اگر یہ سہولت دستیاب ہو تو اسے فعال کرنے کے بعد وائی فائی نیٹ ورک سے منسلک ہوکر کال کی جا سکتی ہے۔
پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ وائی فائی کالنگ کی دستیابی اور اسے فعال کرنے کا طریقہ موبائل فون اور نیٹ ورک آپریٹر کے لحاظ سے مختلف ہوسکتا ہے۔ صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے موبائل آپریٹر سے رابطہ کرکے سروس کی دستیابی اور استعمال کے طریقہ کار کی تصدیق کرلیں۔



















































