اسلام آباد (آن لائن) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آرمی چیف کے تقرر پر وزیراعظم کی سمری اب عمران خان کا امتحان ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیر دفاع نے کہا کہ آرمی چیف کے تقرر کے لیے وزیراعظم کی ایڈوائس صدر مملکت
ڈاکٹر عارف علوی کے پاس چلی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب عمران خان کا امتحان ہے کہ وہ دفاع وطن کے ادارے کو مضبوط بنانا چاہتا ہے یا متنازع۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت علوی کی بھی آزمائش ہے کہ وہ سیاسی ایڈوائس پر عمل کریں گے یا آئینی وقانونی ایڈوائس پر۔ بحیثیت افواج کے سپریم کمانڈر ادارے کو سیاسی تنازعات سے محفوظ رکھنا ان کا فرض ہے۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اور چیف آف دی آرمی اسٹاف مقرر کرنے کے لیے وزیراعظم کی سمری صدر مملکت کو روانہ کردی گئی ہے، تاہم میں مزید کوئی تفصیل بتانے کا مجاز نہیں، اس سے متعلق تفصیلی سمری وزیراعظم آفس سے جاری کردی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ قانون اور آئین کے مطابق تمام معاملات طے پائے ہیں۔ ہمیں پوری امید ہے کہ صدر مملکت کوئی تنازع نہیں کھڑا کریں گے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ان معاملات کو سیاسی نظر سے نہیں دیکھنا چاہیے۔ آرمی چیف کے تقرر سے متعلق وزیراعظم کی سمری خالصتاً قانونی اور آئینی نظر سے دیکھنا ان کا حق ہے، صدر مملکت یہ فیصلہ سیاسی ایڈوائس کے تحت نہ کریں۔